پٹنہ،4اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)بہارریاستی کانگریس کمیٹی نے مہاتما گاندھی سینٹرل یونیورسٹی، موتیہاری کے پہلے تعلیمی سیشن کی افتتاحی تقریب میں بہار کے وزیر تعلیم کو نہیں بلانے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کے ریاستی ترجمان سابق ممبر اسمبلی ڈاکٹر ہرکھو جھا نے منگل کو کہا کہ بی جے پی حکومت کے قول اور فعل میں کوئی تال میل نہیں ہے جہاں ایک طرف وہ عوام میں’’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘کا نعرہ دیتی ہے وہیں حکومت کی طرف سے ا سپانسر پروگرام میں حکومت کے وزیر یا دیگر کوئی معزز افراد کو اس پروگرام سے محروم رکھ کر یہ ثابت کرنا چاہتی ہے کہ یہ سب بی جے پی کا پروگرام ہے۔ڈاکٹر جھا نے کہا ہے کہ کسی بھی ریاست میں اگر مرکزی حکومت کا کوئی پروگرام ہوتا ہے تو عام آداب ہے کہ وہاں کے محکمہ خارجہ اور مقامی عوامی نمائندے کو مذکورہ پروگرام میں مدعو کیا جاتا ہے۔8ستمبر کو نالندا بین الاقوامی یونیورسٹی کے ایک پروگرام میں ہندوستان کے نائب صدر ڈاکٹر حامد انصاری جس پروگرام میں آئے تھے اس میں بھی بہار کے وزیر تعلیم ڈاکٹر اشوک چودھری کو دعوت ملی تھی اور وہ وہاں پر گئے تھے لیکن آج کے موتیہاری میں مہاتما گاندھی سینٹرل یونیورسٹی کے پروگرام میں نہیں بلایا جانا بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی سوچی سمجھی، اوچھی سیاست کا ایک حصہ ہے۔